لائبریری

جامعہ دارالعلوم الاسلامیہ ، لاہور
ذرائع حصول علم میں سے کتاب اور کتب خانہ ایک ایسا ذریعہ ہے جس کی افادیت اور اہمیت سے انکار ممکن نہیں لہٰذا کسی تعلیمی ادارہ کو کتب خانہ کے بغیر مکمل نہیں کہا جاسکتا ، اسی ضرورت کے پیش نظر جامعہ دارالعلوم الاسلامیہ میں لائبریری کا قیام عمل میں آیا ۔یہ لائبریری ایک سہ منزلہ جدید تعمیر شدہ ہال میں قائم کی گئی ہے جو مطالعہ کی تمام سہولتوں سے آراستہ ہے ۔ لائبریری کو ایک ماہر اور تجربہ کار لائبریرین کے زیر نگرانی DDC نظام کے تحت جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے ۔ کتاب کی تلاش کے لئے کارڈ کیٹلاگ اور دو افراد پر مشتمل معاون عملہ موجود ہے جو تحقیقی کام کرنے والوں کو ریفرنس سروس بھی فراہم کرتا ہے ۔ مارکیٹ میں نوآمدہ ملکی و غیر ملکی کتب کی خریداری وسائل کے مطابق جاری رہتی ہے جبکہ کچھ مخیر حضرات کی طرف سے عطیات کتب بھی لائبریری کے ذخیرہ کتب میں اضافہ کا باعث ہوتے ہیں ۔ الحمدللہ دینی مدارس کی لائبریریوں میں جامعہ دارالعلوم الاسلامیہ کی لائبریری کا شمار اہم اور اعلیٰ درجہ کی لائبریری میں ہوتا ہے ۔ بالخصوص علم قراء ات اورحدیث کے شعبہ میں یہ لائبریری ایک منفرد مقام کی حامل ہے ۔ جامعہ دارالعلوم کی لائبریری نے نہ صرف طلباء میں ذوق مطالعہ کو فروغ دیا ہے بلکہ انہیں درسی کتب کے علاوہ دیگر علوم سے بھی متعارف کروایا ہے ۔ لائبریری کا ذخیرہ کتب مختلف موضوعات کی عربی ، فارسی ، اردو اور انگریزی کتب پر مشتمل ہے جو قدیم و جدید کا حسین امتزاج ہے۔ جامعہ کے طلباء واساتذہ کے علاوہ دیگر جامعات کے طلباء اور محققین بھی لائبریری سے استفادہ کر رہے ہیں ۔ قارئین کو مطلوبہ مواد کے حصول میں سہولت کے لیے فوٹوسٹیٹ مشین لائبریری میں ہی فراہم کردی گئی ہے ۔ شعبہ رسائل و جرائد میں سال بہ سال رسائل کے فائل جلد بندی کرواکر محفوظ کیے جاتے ہیں ۔ لائبریری کے شعبہ درسی کتب سے ہر سال طلباء کو عاریۃً کتب دی جاتی ہیں ۔